سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) سوئزرلینڈ کے سفیر تھامس کولی نے کہاہے کہ وادئی سوات دنیا کا دوسرا سوئٹزرلینڈ ہے جس کے حسین مقامات،تاریخ اورثقافتی ورثہ اس کی اہمیت کو دوبالا کردیتا ہے۔ سوات دیکھنے کا لائق خطہ ہے لیکن یہاں اب بھی ایسے مقامات موجود ہیں جو دنیا کی نظروں سے اوجھل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفد کے ہمراہ دورۂ سوات کے موقع پر سوات میوزیم اور گل کدہ کے آثارِ قدیمہ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرا ن کے ساتھ صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان ، ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد سمیت سوئس وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔ سوئس سفیر نے سوات میوزیم میں رکھے گئے ہزاروں سال پرانی نوادرات اور سوات کے آثار قدیمہ میں گہری دلچسپی لی۔ انہیں گندھار تہذیب سمیت سوا ت میں مختلف ادوار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سوئس وفد نے تاریخی شہر بازیرہ کا بھی دورہ کیا۔ سوئس سفیر کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا، جہاں وہ علاقائی موسیقی سے بھی خوب محظوظ ہوئے۔
Swat
