سوات(باخبر سوات ڈاٹ کام ) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت غربت مکاؤکے بجائے غریب مٹاؤ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ غریب عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان پر مہنگائی کا بوجھ بڑھا یا جارہا ہے۔ عوام بجلی کی مد میں دو سو ارب روپے اضافے کا ڈراما بند کیا جائے۔ جماعت اسلامی، اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ پوری دنیا میں مسلمان محکومیت کا شکار ہیں۔ پاکستان کو اسلام کا گہوارہ بنا کر دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں جماعت اسلامی پی کے پانچ کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع سوات محمد امین، جے آئی یوتھ سوات کے صدر خالد کانجو، حاجی محمد یاسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اور پچھلی حکومتوں کی پالیسی میں کوئی فرق نہیں ہے۔ پرویز مشرف کی کابینہ کے لوگ موجودہ حکومت کی کابینہ میں شامل ہیں۔ حکومت ملک کی لوٹی ہوئی دولت کو واپس کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔
