سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) واسا مینگورہ نے مینگورہ شہر میں دِہ روزہ صفائی مہم کا آغاز کردیا۔ ”واسا“ نے واک اور فوٹو سیشن کے لئے شہر کی صفائی کرنے والے عملہ اور ٹیوب ویل آپریٹر کو جمع کیا جس کی وجہ سے منگل کو شہر بھر میں صفائی نہ ہوسکی اور ٹیوب ویل آپریٹرز واک میں شرکت کی وجہ سے شہر کے اکثر علاقوں کو پانی کی سپلائی معطل رہی۔ ”واسا“ مینگورہ نے شہر میں دس روزہ صفائی مہم کے آغاز پر واک کا اہتمام کیا تھا جس میں شرکت، بینرز پکڑنے، تعداد بڑھانے اور اخبارات کے فوٹو سیشن کے لئے شہر میں صفائی کرنے والے عملہ کو کام چھوڑ کر واک میں شرکت کرنے کا حکم دیا تھا، جس کی وجہ سے صفائی کرنے والا عملہ صبح سے نشاط چوک میں موجود رہا اور واک کے اختتام کے بعد گھروں کو روانہ ہوگیا۔ جس کی وجہ سے شہر بھر میں صفائی کا کام نہ ہوسکا۔ اکثر علاقوں میں پانی کی فراہمی بھی نہ ہوسکی۔واسا مینگورہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق صفائی مہم کے آغاز پر واک میں اے ڈی سی فواد خان، اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی عامر علی شاہ، ڈبلیو ایس ایس سی کے سی ای او شیدا محمد اور منیجر آپریشن میاں شاہد علی کے علاوہ صفائی کا عملہ شریک ہوا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ڈبلیو ایس ایس سی کے حکام نے بتایا کہ صفائی مہم 10 روز تک جاری رہے گی۔ مینگورہشہر سمیت نو یونین کونسلوں میں گندگی کو ٹھکانے لگایا جائے گا۔
Swat
