سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) ضلعی انتظامیہ نے سوات میں عیدالفطر کے موقع 25 لاکھ سے زائد سیاحوں کی آمد کا امکان ظاہرکردیا۔ اسی حساب سے ان کی سفری اور غذائی ضروریات کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہاں آنے والے سیاحوں کی حفاظت کے لیے خصوصی سکیورٹی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ سیاحوں کی سہولت کے لیے سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سیدوشریف ائیر پورٹ کی بحالی اکتوبر2019ء تک ہوجائے گی، جس سے سیاحوں اورمقامی لوگوں کو فضائی سفری سہولیات دستیاب ہوں گی اور سڑکوں پر رش کم ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات محمد فواد خان نے پختونخو ریڈیو سوات ایف ایم98 میں کھلی کچہری کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ محمد فواد خان کا کہنا تھا کہ سوات موٹر وے اگلے مہینے کھولا جارہا ہے جس سے پنجاب کی جانب سے سیاحوں کی آمد مزید بڑھ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں اسلحہ نما کھلونوں کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ لہٰذا کوئی بھی تاجر ایسے کھلونے فروخت کرنے سے گریز کرے۔
