سوات(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں عید الفطر پر سیاحوں کی بڑی تعداد میں متوقع آمد کے پیش نظر جامع پلان تیار کرلیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے عید الفطر کے لیی جامع پلان کو حتمی شکل دے دی۔ پلان پر مکمل عمل درآمد بنانے کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں، جس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرکو شہر میں ٹریفک سمیت آنے والے سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات، مرغزار، سنگر، کلیل کنڈو اور فضاگٹ سمیت دیگر سیاحتی علاقوں میں انتظامات کو مکمل کرنے اور سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اس طرح بڑی تعداد میں سیاحوں کی متوقع آمد کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈاکے کو داخلی راستوں پر تمام تر ممکنہ انتظامات کو یقینی بنانے اور سیاحوں کے لیے سہولت سینٹر، متبادل روٹس سمیت ان کی انٹری کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ محمود خان کے متوقع دورہئ سوات کے موقع پر اے سی مٹہ کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا اور وہاں پر سخت سیکورٹی انتظامات کے لیے بھی پلان ترتیب دیاگیا۔ بحرین، مدین، کالام اور دیگر علاقوں کے لیے بھی خصوصی ٹاسک فورس قائم کردی گئی، جو آنے والے سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور ان کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے گی۔
