سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیرمقام نے کہا ہے کہ عمران خان کا نیا پاکستان صرف جاگیرداروں اورسرمایہ کاروں کے لیے ہے۔ غریب دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں۔ نئے پاکستان کے علمبرداروں نے عہد کررکھاہے کہ غربت کی بجائے غریب کوختم کرکے دم لیں گے۔ کروڑہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک طرف مہنگائی کاطوفان دوسری طرف ٹیکسوں کی بھرمار نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ نئے پاکستان میں غریبوں کے لیے مراعات کاکوئی نام ونشان ہیں،ملک کی خدمت کرنے کے لیے عمران نیازی کوفرصت نہیں،بلکہ اپوزیشن کو چور، ڈاکوکہنے اورسیاسی انتقام لینے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نئے ترقیاتی منصوبے تودرکنارلیکن پرانے منصوبے جوتکمیل کے مراحل میں تھے، انہیں بھی ختم کردیاگیا ہے۔ بشام، خوازہ خیلہ اورچکدرہ کالام منصوبوں کوختم کرناعمران نیازی کے ذہنی خناس کی زندہ مثال ہے۔ انجینئرامیرمقام نے کہاکہ عمران خان نے اسلام کے ساتھ بھی مذاق شروع کررکھاہے۔ عیدالفطر کی نماز10بجے اداکرنا اس کامنھ بولتاثبوت ہے۔
Swat
