سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا۔ پہلی تین پوزیشنوں پر ایک بار پھر نجی تعلیمی اداروں نے کامیابی حاصل کرلی۔ ٹیپو اسکول کی طالبہ کرن خلیل نے 1052 نمبرلے کر پہلی، ایس پی ایس کالج کے شبیر احمد نے 1048 نمبر لے کر دوسری اور الاظہر اسکول کے ظہیرالدین نے 1047 ووٹ لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سوات بورڈ کے چیئرمین پروفیسر سید نبی شاہ اور کنٹرولر امتحانات عمرحسین نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سوات بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحان میں جماعت دہم میں مجموعی طورپر 36287 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، جن میں سے 30726 نے کامیابی حاصل کی اور نتیجہ 85 فیصد رہا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت نہم میں 40588 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 25601 نے کامیابی حاصل کی اور نتیجہ 63 فیصد رہا۔ سیکرٹری تعلیم ارشد خان نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔
