سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) بڑے ہسپتالوں پر رش کم کرنے کا واحد حل ریفرل سسٹم کا سختی سے نفاذ ہے، جس کی بدولت علاج کا معیار ترقی یافتہ سطح پر آ جائے گا۔ سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال کو جدید ترین طبی سازو سامان سے لیس کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے نئے بجٹ میں اس مقصد کے لیے خصوصی فنڈ کی منظوری دی ہے جس سے ہسپتال کے دیرینہ مسائل حل ہو جائیں گے۔ یہ ہسپتال پورے ملاکنڈ ڈویژن کے لوگوں کو علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے قابل بن جائے گا۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال خاتمے کے افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔ ہسپتال کو مزید ترقی سے ہمکنار کیا جارہا ہے۔ سوات میں بہت جلد ڈینٹل کالج کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیدو گروپ ٹیچنگ ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر گلشن حسین فاروقی نے پختونخوا ریڈیو سوات کے پروگرام ”حال احوال“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر گلشن کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں پچاس کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ اس کے علاوہ یو ایس ایڈ کے ذریعے بھی 50 کروڑ روپے کی منظوری ہوچکی ہے جبکہ 34 کروڑ روپے ڈونیشن کی مد میں ملنے ہیں، جس سے یقینی طور پر ہسپتال کے بیشتر مسائل حل ہو جائیں گے۔
