سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) کبل تاشیرپلم ایکسپریس وے منصوبہ کاآبادی کے اندر اورزرعی اراضی میں سروے کرنے پر اہلِ علاقہ سراپااحتجاج بن گئے اور مجوزہ ایکسپریس وے کارُخ تبدیل کرنے کامطالبہ کیا۔ اس سلسلے میں تحصیل کبل اور ملحقہ علاقہ شیرپلم کا ایک گرینڈ جرگہ ڈھیرئی بابا جی کانجو میں منعقد ہوا جس میں مالکانِ اراضیات کے علاوہ علاقے کے عوام نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔ گرینڈ جرگہ میں ممتاز قانون دان فیروزشاہ خان ایڈوکیٹ، سابق ایم پی اے رحمت علی خان، ڈسٹرکٹ کونسلر سیدافضل شاہ، محمد ذہین خان، عبدالغفورخان، عثمان غنی، فتح اللہ خان، ملک فیاض خان، وکیل احمد، سلطان علی خان، رحم غنی، محمدزبیر، عظمت علی خان کے علاوہ ہر طبقہئ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ تباہی وبربادی کے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے والوں کو ہمارے لاشوں پر سے گزرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی ایف سی کیمپ، کانجو ٹاؤن شپ، ائیرپورٹ اور فوجی چھاؤنی کے لئے اراضی دے چکے ہیں۔ اب مزید قربانی نہیں دے سکتے۔ زرعی زمین ختم ہوچکی ہے۔ اب ہم میں مزیدقربانی دینے کی طاقت نہیں۔ بعد میں جرگہ کے شرکا نے احتجاجی جلوس نکالا۔
