سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جنگلات میں آتش زدگی کے مسلسل واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ہر ڈویژن میں فارسٹ فائر مینجمنٹ ٹیم قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس ضمن میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے ایس او پیز بھی جاری ہوگئے جن کے مطابق ڈویژنل سطح پر ایک فائر مینجمنٹ ٹیم ہوگی، جس کا سربراہ متعلقہ ڈویژن کا کمشنر ہوگا جبکہ ممبران میں ڈی آئی جی پولیس، کنزرویٹر فارسٹ، ڈویژنل فارسٹ آفیسرز، ضلعی انچارج شہری دفاع، ریسکیو 1122کے ضلعی سربراہ، ضلعی سربراہ پولیس اور ٹی ایم اوز شامل ہوں گے۔ ڈویژنل فارسٹ آفیسر محمدرئیس خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرعمران خان یوسف زئی نے ایف ایم ریڈیو خیبر پختون خواہ کے پروگرام میں کہا کہ جنگلات میں آتش زدگی کی بہت سی وجوہات ہیں۔ اگرچہ بروقت کارروائی کی وجہ سے پورے ضلع سوات کے جنگلات میں ایک درجن سے بھی کم درختوں کو آتش زدگی سے نقصان پہنچا، تاہم بڑھتے واقعات کی وجہ سے دہشت گردی کے امکانات کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ مقامی لوگ سوکھی گھاس اور پتوں کو ختم کرنے کے لیے بھی اسے آگ لگاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک کے مختلف حصوں سے لاکھوں سیاح سوات اور دیگر پہاڑوں میں آتے ہیں۔ وہ ان جنگلات میں کیمپنگ کرتے ہیں۔ نوجوانوں کے کیمپ فائر، سگریٹ پینے اور کسی شکاری کی فائرنگ سے بھی ان جنگلات میں آگ لگ جاتی ہے۔
