سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) ملاکنڈ ڈویژن کے چھے اضلاع میں تعینات5638 سپیشل پولیس فورس کے اہلکار جن کو وزیر اعلیٰ نے مستقل کرنے کا اعلان کیا تھا، اعلان کے بعد یہ اہلکار مستقل ہونے کے آرڈر کے انتظار میں تھے کہ ان اہلکاروں کو تنخواہ سے محروم کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے 25 جون کوشورش کے دوران بھرتی ہونے والے ان اہلکاروں کو مستقل کرنے اور ریگولر پولیس فورس میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب یہ اہلکار دو ماہ جولائی اور اگست کی تنخواہ سے بھی محروم ہیں۔ ان ہزاروں اہلکاروں کو دو ماہ سے تنخواہ نہیں ملی۔ اس وقت اسپیشل پولیس فورس میں سوات میں 2200، شانگلہ750، بونیر778، دیر اپر 605، دیر لوئر 1005 اور چترال میں 300 اہلکارتعینات ہیں۔ ان کو ابھی تک پندرہ ہزار روپے فکسڈ تنخواہ دی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہئ پولیس کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ایک آفیسر سے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے بتایا کہ اسپیشل پولیس فورس کی تعیناتی عارضی ہے۔ ہر سال یا چھے ماہ بعد ان کی مدت ملازمت میں توسیع کی جاتی ہے۔ جولائی میں ان کی مدت ملازمت میں چھے ماہ کی توسیع کی گئی جس کا بجٹ سی پی او کو ارسال کیا گیا ہے، لیکن تاحال ان کا بجٹ ریلیز نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے یہ اہلکار تنخواہ سے محروم ہیں، اور جب تک بجٹ ریلز نہیں ہوگا، اس وقت تک یہ اہلکار تنخواہ سے محروم رہیں گے۔ دوسری جانب اسپیشل پولیس فورس کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ایک جانب ان کی مستقلی کا اعلان کیا گیا جس پر بھی ابھی تک عمل در آمد نہیں ہوا اور دوسری جانب ان کی تنخواہ ایسے موقع پر بند کی گئی جس کی وجہ سے ان کے گھر کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں اور وہ دکانداروں کا ادھار نہ دینے کی وجہ سے رات کی تاریکی میں چپ کر گھر جاتے ہیں۔
Swat
