سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں درجنوں کی تعداد میں سیاحت کے لیے پُرفضا مقامات اور دو سو سے زائد جھیل ہیں، لیکن بعض سیاحتی مقامات تک روڈ نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر سیاح اور مقامی لوگ ان مقامات سے ناواقف ہیں۔ موجودہ حکومت نے سوات کے ایک پُرفضا اور آرام دہ مقام ”گبین جبہ“ کو سیاحتی زون میں شامل کیا ہے۔ مینگورہ شہر سے52 اور تحصیل مٹہ کے علاقہ لالکو سے صرف 8 کلومیٹر کے فاصلے پر گبین جبہ ایک جنت نظیر وادی ہے۔ خیبر پختون خواہ ٹورازم کارپوریشن نے گبین جبہ کو سیاحتی مقام کا درجہ دینے کے بعد اس میں رہائش کے لئے ہٹس بنائے ہیں، جن میں واش روم، گرم ٹھنڈا پانی اور باہر بیٹھنے کے لیے جگہ موجود ہے۔ خیبر پختون خواہ ٹورازم کارپوریشن کے جی ایم محمد علی سید نی باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ ان ہٹس کا مقصد سیاحوں کو گبین جبہ کی طرف راغب کرنا ہے، تاکہ ملک بھر اور بیرون ملک سے آنے والے سیاح اس جنت نظیر وادی کو دیکھ سکیں۔ تحصیل مٹہ کے علاقہ لالکو تک سٹرک کی سہولت موجود ہے۔ موجودہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے لالکو سے گبین جبہ تک8 کلومیٹر سڑک کی منظوری دی ہے جس کی ہمواری کا کام مکمل ہوگیا ہے۔ جلد ہی اس پر تارکول کا کام مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد مقامی اور غیر مقامی لوگ اور بیرونِ ملک سیاح اس جنت نظیر وادی میں سکون کے کچھ لمحات گزار سکیں گے۔ گبین جبہ آنے والے سیاحوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں اس طرح کی خوبصورت جگہ نہیں دیکھی۔ مظفر آباد، آزاد کشمیر سے خاندان کے ہمراہ آنے والی مریم ترانہ نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ یہ بہت خوبصورت جگہ ہے۔ اگر یہاں تک سڑک کی تعمیر مکمل ہو جائے، تو پھر آنے والے سیاح واپس گھر جانے کے لیے سوچیں گے۔ ایک اور خاتون سیاح انم نے بتایا کہ پہاڑوں اور جنگلات کے درمیان واقع گبین جبہ کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں گزرے رات دن وہ کبھی بھول نہیں پائیں گے۔گبین جبہ وسیع دشتوں پر مبنی علاقہ ہے جس کے چاروں طرف اونچے پہاڑ اور جنگل ہیں۔ درمیان میں وسیع وعریض دشتوں میں آبشار، ندیاں اور قدرتی چشمے ہیں جس کی مترنم آواز آنے والے لوگوں کو سکون دیتی ہے۔ گبین جبہ میں محکمہ ٹورازم کے بنائے گئے دو بیڈز کے ہٹس کا یومیہ کرایہ3ہزار اور چار بیڈز کا کرایہ5ہزار روپے ہے، جس میں سولر سے حاصل شدہ بجلی، گرم اور ٹھنڈے پانی کی سہولت بھی ہے۔گبین جبہ میں مقامی لوگوں نے آنے والے سیاحوں کے لئے ریسٹورنٹ قائم کئے ہیں۔ مناسب قیمت پر سیاحوں کو اشیائے خور و نوش فراہم کرتے ہیں۔ گبین جبہ میں ٹراؤٹ مچھلی کی ہچریاں بھی ہیں۔بیشتر آنے والے سیاح یہاں کا ٹراؤٹ مچھلی کھاتے اور پسند کرتے ہیں۔ گبین جبہ میں سیاحوں کی آمد اور سڑک کی تعمیر کی وجہ سے زمینوں کی قیمت میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔ گبین جبہ میں سڑک کی تعمیر اور سیاحوں کی دلچسپی سے پہلے یہاں ایک کنال زمین کی قیمت تین سے پانچ لاکھ روپے تھی۔ سڑک کی تعمیر کے ساتھ گبین جبہ کے راستے میں آنے والی غیر سرکاری زمین کی قیمت فی کنال تیس لاکھ سے پینتیس لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگلے سال سڑک کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد لوگ گبین جبہ آکر ملم جبہ، کالام اور دیگر پر فضا مقامات کی قدرتی خوبصورتی بھول جائیں گے۔
