سوات(باخبر سوات ڈاٹ کام) عوامی نیشنل پارٹی صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے صوبائی حقوق کے حصول کے لیے آخری حد تک جانے کا اعلان کرتے ہوئے پی ٹی آئی حکومت کو ناکام ترین اور پختون دشمن قرار دیا ہے۔ ایکشن ان ایڈ آف سول پاؤر آرڈی نینس کسی بھی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں نے ہمیں دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے۔ ڈرامہ باز حکومت روز روز کوئی نیا ڈراما رچانے میں مصروف ہے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم نے اپنے پہلے دورہئ امریکہ میں کشمیر کا سودا کیا اور اب وہ پاکستان کا سودا کر رہے ہیں۔ وہ ڈھیرئی میں رحمت علی خان کے حجرے میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ صوبائی صدر ایمل ولی خان نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم کا دورہ امریکہ اور ملکی خارجہ پالیسی کے حوالے سے ان کیمرہ نشست کی ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے سے گریزاں ہے۔ کیوں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اگر بلدیاتی الیکشن ہوا، تو اس میں ان کو شکست ہو گی۔
