سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات کے بالائی علاقے بیاکند میں پرائمری سکول کے ہم جماعت بچوں کے درمیان لڑائی کے دوران پانچویں جماعت کا طالب علم حمیداللہ جاں بحق ہوگیا۔ ملزم بچہ بھی ہاتھ پر لگ کر زخمی ہوا ہے۔ ایس ایچ او مٹہ بخت زادہ خان کے مطابق تحصیل مٹہ کے علاقے بیاکند میں گورنمنٹ پرائمری سکول میں بچوں کے درمیان تو تو میں میں کے بعد چھٹی ہوتے ہی اسکول سے باہر پانچویں جماعت کے طالب علم حمیداللہ ولدمیاں شیر اور ضیاء اللہ عرف سبزعلی ولد حسین زادہ کے مابین لڑائی چھڑ گئی۔ لڑائی کے دوران ضیاء اللہ نے اپنے ہی ہم جماعت ساتھی حمیداللہ کو تیز دھار آلے سے وار کرکے قتل کردیا۔اس دوران ملزم بچہ ضیاء اللہ بھی زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق دونوں بچوں کی عمریں 12,12 سال بتائی جاتی ہیں۔ واقعے کے بعد لاش اور زخمی کو مٹہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرلی ہے۔
