سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) چائینہ سامان کی خرید و فروخت کے لیے ملک بھر میں مشہور سوات کی چائینہ مارکیٹیں ویران ہوگئیں۔ روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے چین سے آنے والا سامان مہنگا ہوگیا ہے۔ ملک میں مہنگائی بڑھ جانے اور چائینہ سامان کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے لوگوں میں ضروری اشیا کی خریداری کے علاوہ اور چیزیں خریدنے کی قوت نہیں، جس کی وجہ سے سوات کی چائینہ سامان کی مارکیٹیں ویران ہوگئیں۔ ایک دکان دار الیاس خان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ ملک میں حالیہ مہنگائی کے بعد ان کا کاروبار خراب ہوگیا ہے صبح سے شام تک گاہکوں کی راہ تکتے ہیں۔ ایک دکان دار حضرت علی نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ سوات کی تاجر خریداری کے لیے خود چائینہ جاتے ہیں اور وہاں ڈالر میں خریداری کرتے ہیں۔ سامان پاکستان کو شپ کے ذریعے بھیجنے کا کرایہ بھی ڈالرز میں دیتے ہیں، جس کی وجہ سے چائینہ کا سامان کافی مہنگا ہوگیا ہے۔ ایک دکان دارجان محمد نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد کراچی پورٹ پر کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا جس کی وجہ سامان کی قیمت دوگنی ہوگئی ہے۔
Swat
