سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات سے تعلق رکھنے والے ماہرِ تعلیم سعودی عرب میں اہلِ خانہ کے ہمراہ عمرہ ادائیگی سے واپسی پر ٹریفک حادثہ میں اہلیہ اور جواں سال بیٹی سمیت جاں بحق ہوگئے۔ لنڈیکس مینگورہ کے رہائشی ثناء اللہ ریاض سعودی عرب کے پاکستان انٹرنیشنل سکول میں کیمسٹری کے لکچرار تھے۔ اہل خانہ کے ہمراہ وہاں رہائش پذیر تھے۔ گذشتہ روز چھٹی لینے کے بعد اہلیہ اور تین بیٹیوں کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کے لئے مکہ گئے اور عمرہ ادا کرنے کے بعد ریاض جا رہے تھے کہ راستے میں ٹریفک حادثہ کا شکار ہوگئے، جس کے نتیجے میں وہ خود، ان کی اہلیہ اور بڑی بیٹی موقع پر جاں بحق اور ان کی دو بیٹیاں زخمی ہوگئیں جن کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ مرحوم کے سوات میں سیکڑوں کی تعداد میں شاگرد ہیں۔ ان کی موت کی خبر سو شل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ مرحوم ثنا اللہ کے خاندانی ذرایع کے مطابق ریاض میں میتوں کی پاکستان منتقلی کے لئے قانونی کارروائی جاری ہے۔ جیسے ہی قانونی کارروائی مکمل ہو جائیگی تو تینوں میتوں اور زندہ بچ جانے والی بچیوں کو پاکستان روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی آج پیر کو میتیں کسی بھی وقت پاکستان پہنچ جائیں گی، جس کے بعد ان کو آبائی قبرستان لنڈیکس مینگورہ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
Swat
