سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات ادنیٰ معدنیات ایسو سی ایشن نے محکمہ معدنیات کے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین اور پی کے 4 کے ایم پی اے عزیز اللہ گران کادریائے سوات ادنیٰ معدنیات کے حوالے سے سیاسی و غیر ذمہ دارانہ جھوٹ پر مبنی بیان افسوسناک اور ناقابل منظور قرار دیا۔ تنظیم کے اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ عزیز اللہ گران کا بحیثیت چیئرمین اور حکومتی نمائندہ ان کے قول و فعل میں تضاد ہے، جس کی وجہ سے حکومت، عوام اور لیز ہولڈرز کے مابین بد اعتمادی کی فضا قائم ہوچکی ہے۔ لیز کی رائلٹی کی رقم کوٹیکس کا نام دے کر عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے اور ڈی سی سوات کو الجھا کر ان کے حکم سے قانونی کام کو بند کروا رکھا ہے۔ اجلاس کو بتا یا گیا کہ سوات میں غیر قانونی کان کنی مافیا اور کرش پلانٹس والوں کی پشت پناہی کی جارہی ہے، جس سے سوات کے عوام اور صوبائی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔
