سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج کے مینگورہ ہاسٹل میں پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بورنگ پر جاری کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔ کام کی تکمیل سے نہ صرف سیکڑوں طلبہ کو بروقت ان کی ضروت کے مطابق پانی میسر آئے گا، بلکہ آس پاس کی رہائشی آبادی بھی مستفید ہوسکے گی۔ پانی بور کے لیے کالج یا سرکار کے پاس فنڈ نہ ہونے کی وجہ سے بورنگ کنویں کے لیے رقم شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے اداکی۔ سیدوشریف سے تعلق رکھنے والی سرگرم سماجی شخصیت حاجی ظفرعلی خان کے مطابق پانی کی عدم دستیابی کے سبب طلبہ روزاحتجاج کرتے تھے۔ ہم نے اس سلسلے میں والئی سوات کی نواسی زیب النساء المعروف شاہ گل بی بی سے رابطہ کیا جس پر موصوفہ نے فوری طورپر کنویں پر اٹھنے والے اخراجات اداکرنے کا عندیہ دیا جس کے بعد بورنگ پر کام شروع کردیا گیا۔
