سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ غربت اور بیروزگاری ختم کرنا ہے، تو قائداعظم کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ جب بھی پاکستان عوام سے چھینا گیا، تو پاکستان کمزور ہوا ہے۔ آج نوازشریف یہی مقدمہ لڑرہے ہیں۔ خوازہ خیلہ فٹ بال گراؤنڈ میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج انڈیا، سری لنکا اور بنگلہ دیش آگے نکل گئے ہیں۔ اس موقع پر سابق امیدوار صوبائی اسمبلی محبوب علی نے اپنے ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جلسہ میں صوبائی صدر امیر مقام اور سابق وفاقی وزیر حاجی محمد یوسف بھی موجود تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہر قربانی دیں گے کسی کو پاکستان کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ آج بیروزگاری اور مہنگائی کا دوردورہ ہے۔ عمران خان دنیا کا سے بڑا بھکاری وزیراعظم بن چکا ہے۔ مہاتیر محمد سے وعدہ کرکے پھر یوٹرن لے لیا۔ عمران نے پاکستان اتنا کمزور کیا کہ مودی نے کشمیر پر قبضہ کرلیا۔ یہ ناکام حکمران پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ وقت آگیا کہ سلیکشن کی بجائے الیکشن کے ذریعے حکومت لائی جائے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام نے کہا کہ نااہل ٹولے نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کردیاہے۔عمران خان واحد لیڈر ہیں جو جھوٹ پر خوش ہوتے ہیں۔ نوازشریف دور کے منصوبوں پر آج نااہل اپنی تختیاں لگارہے ہیں۔ پاکستان میاں نوازشریف کی قیادت میں ایک بار پھرترقی کی راہ پرگامزن ہوگا۔ ہمارے دور کے منصوبوں کو بند کیا جارہا ہے۔ ملک چلانا یوٹرن لینے والوں کا کام نہیں۔
