Swat

سوات کے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ٹریکنگ کلب نے انوکھا ریکارڈ قائم کردیا

سوات   (باخبر سوات ڈاٹ کام)   پاکستان کے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ”فلک سیر ٹریکنگ کلب“ نے ”اسنو ہایکنگ“کا آغاز کرکے اپنی نوعیت کا ریکارڈ بنا دیا۔ گذشتہ روز کلب کے چودہ ارکان جس میں نہم تا بارہویں کلاس کے طالب علم اورجماعت سوئم کے دس سالہ عدن خان بھی شامل تھے نے تحصیل مٹہ کے علاقہ لالکو سے گبین جبہ ٹاپ تک پانچ فٹ برف باری میں راستہ بناکر اور ٹاپ تک پہنچ کر ریکارڈ قائم کیا۔ ان نوجوانوں نے منفی8 ڈگری سنٹی گریڈ میں گبین جبہ ٹاپ تک کا سفر چھے گھنٹے میں طے کیا۔ گبین جبہ ٹاپ سطح سمندر سے 8741 فٹ بلندی پر واقع ہے۔ ہائیکنگ پر جانے والے محمد اعزاز نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتا یا کہ وہ پہلی دفعہ اسنو ہایکنگ پر گئے۔ فلک سیر ٹریکنگ کلب کے چیئر مین 18 سالہ معاذ شاہ نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ راستہ برف سے اٹا اور دشوار گزار تھا۔ ہم نے پہاڑی راستہ میں پانچ فٹ برف میں راستہ بنا کر اپنی منزل تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ اسنو ہایکنگ دنیا کے مختلف ممالک میں ہوتی ہے۔سوات میں دو سال قبل ”دی ادھیانہ ٹریکرز“ نامی کلب کے جوانوں نے صحافی فضل خالق کی رہنمائی میں اسنو ہائیک کی تھی۔ فلک سیر ٹریکنگ کلب طلبہ پر مشتمل وہ  پہلا کلب ہے جس نے اسنو ہایکنگ کو رائج کرنے کی کوشش کی ہے۔ اٹھارہ سالہ طالب علم اور کلب کے چیئرمین معاذ شاہ کے مطابق، پاکستان میں اس سرگرمی کا مقصد اسنو ہایکنگ کو فروغ اور موسم سرما میں اسنو ٹورازم کا آغاز کرنا ہے، تاکہ لوگ برف باری کے دوران بھی سوات آکر برفانی سیاحت سے لطف اٹھائیں اور برف باری میں سوات کے قدرتی نظاروں سے محظوظ ہوں۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں