سوات(باخبر سوات ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات چھے ماہ میں ٹھیک ہو جائیں گے۔ صوبے بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام جاری ہیں۔ صوبے میں میرٹ کی بالا دستی ہے۔ تمام کام میرٹ پر ہورہے ہیں۔ دو روزہ دورہئ سوات کے دوران میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے عوامی مشکلات کا احساس ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دورہ کے دوسرے روز اپنے حجرہ میں لوگوں کے مسائل سنے اور اکثر پر اس وقت احکامات جاری کیے۔ بعد میں انہوں نے خوازہ خیلہ میں ایم این اے ڈاکٹر حیدر علی اور مینگورہ میں ایم پی اے فضل حکیم خان یوسف زئی کی رہائش گاہوں پر کارکنوں سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سوات کے لیے تین یونی ورسٹیاں، ایک ڈینٹل کالج اور ایک چلڈرن اسپتال کی منظوری ہوچکی ہے۔ سوات میں سیاحت کے فروغ کے لیے 94 کلومیٹر لنک روڈ بنا رہے ہیں۔صوبے کے حقوق کے لیے آخری حد تک جاؤں گا۔ وفاق سے این ایف سی کی رقم جلد مل جائے گی۔ وفاق نے این ایف سی ایوارڈ کے پیسے دینے سے انکار نہیں کیا۔موجودہ مہنگائی پچھلی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ ہے۔
