سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) ممتاز ماہرِ تعلیم اور گورنمنٹ ڈگری کالج الپورئی شانگلہ کے پرنسپل پروفیسر اصغر خان نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ 55 سالہ اصغر خان نے منگل کی صبح اپنے گھر واقع گل کدہ سیدو شریف میں پستول سے خود پر فائرنگ کی، جس کے بعد ان کو شدید زخمی حالت میں طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچایا گیا۔ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر اصغر خان چل بسے۔ان کی نمازِ جنازہ منگل کو ادا کی گئی جس کے بعد ان کو آبائی قبرستان سیدو شریف میں سپرد خاک کیا گیا۔پروفیسر پردل خان ایم ایس سی اکنامکس تھے۔ انہوں نے دورانِ ملازمت مختلف کالجوں میں اکنامکس کا مضمون پڑھایا۔ کچھ عرصہ پہلے ان کو محکمہ نے ڈگری کالج الپورئی کا پرنسپل تعینات کیا تھا۔ مرحوم کے چار بچے ہیں جن میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ ان کی ایک بیٹی شادی شدہ ہے۔ پروفیسر اصغر خان کا حلقہئ احباب وسیع تھا۔ وہ محفلوں میں کم باتیں کرتے تھے اور ہر کسی کے ساتھ خندہ پیشانی کے ساتھ پیش آتے تھے۔پروفیسر اصغر خان کئی سالوں سے ڈپریشن اور انزائٹی کے مرض کا شکار تھے۔ وہ ڈپریشن کے لئے ادویہ استعمال کرتے تھے۔ ان کے والد پردل خان ریاست سوات میں پرائیویٹ سیکر ٹری اور والئی سوات کے قریبی ساتھی تھے۔پروفیسر اصغر خان کے ایک بھائی تھے جو نیشنل بنک میں آفیسر تھے، جن کا کچھ عرصہ پہلے انتقال ہوا تھا۔
