Swat

کانجو،صحافی شیرین زادہ کا گن مین پولیس اہلکار نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل

سوات    (باخبر سوات ڈاٹ کام)    کانجو میں صحافی شیرین زادہ کے گن مین پولیس اہلکار کو کانجو چوک میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ سوات میں اُن صحافیوں جن کا نام دہشت گردوں کے ہٹ لسٹ پر تھا، کو محکمہ پولیس نے ان کی حفاظت کے لئے پولیس اہلکار دیے تھے۔ ہم نیوز سوات کے نمائندہ اور سینئر صحافی شیرین زادہ کو بھی محکمہ نے پولیس اہلکارعمران خان ساکن کشورہ حال مینگورہ دیا تھا۔ شیرین زادہ نے رابطہ پر بتایا کہ عمران خان باوردی اور رائفل کے ساتھ صبح سے ان کے ساتھ تھا اور عشا کی اذان کے بعد ان کے ساتھ گھر تک گیا۔ جب شیرین زادہ گھر چلا گیا، تو اس کے بعد عمران بھی گھر جارہا تھا کہ کانجو چوک میں ان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ عمران خان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔صحافی کے گن مین پولیس اہلکار عمران خان کو جہاں قتل کیا گیا، اس جگہ سے چند فر لانگ پر پولیس سٹیشن کانجو کی عمارت کھڑی ہے۔ جس چوک میں پولیس اہلکار کو قتل کیا گیا اس چوک میں دن رات پولیس اہلکار ڈیوٹی پر ہوتے ہیں اور رات گئے تک ٹریفک کی وجہ سے ٹریفک پولیس کی کثیر تعداد موجود ہوتی ہے۔ کانجو چوک کے رہنے والوں کا کہنا ہے کہ اس چوک میں پوری رات پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہوتے ہیں۔ کانجو کے مصروف ترین چوک اور قریب میں پولیس تھانہ ہونے کے باوجود باوردی پولیس اہلکار کے قتل اور ملزمان کے فرار ہونے پر لوگ چہ میگوئیاں کرتے رہے۔ اس سلسلے میں پولیس افسران کا مؤقف جاننے کے لئے ان کو فون کئے گئے، لیکن کسی نے فون نہیں اٹھایا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں