سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ملاکنڈ ڈویژن(آر پی او) محمد اعجاز خان نے کہا ہے کہ سوات میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ٹارگٹ کلرز تک پہنچ گئے ہیں۔ ان کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ سوات سمیت ڈویژن بھر میں گشت کا نظام مؤثر بنا دیا ہے۔ عوام کی جان ومال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں مکمل امن قائم ہے۔ پولیس ہر قسم کے واقعات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز سے ٹارگٹ کلنگ کے جو واقعات رونما ہوئے ہیں، اس کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو جدید اور سائنسی طریقوں سے تفتیش میں مصروف ہیں۔ ٹارگٹ کلرز تک پہنچ چکے ہیں، جلد ان کو گرفتار کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کریں گے۔
