سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) کورونا وائرس کی بیماری نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔۔ لہٰذا لوگ لاپروائی چھوڑ کر حکومت کی جانب سے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنی سرگرمیاں محدود نہ کیں، تو پھر حکومت کو سخت سے سخت اقدامات پر مجبور ہونا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار محکمہ اطلاعات کے پختونخواریڈیو ایف ایم98سوات کے خصوصی پروگرام ”ریڈیو کلینک“ میں ڈاکٹر سردار علی نے پروگرام کے میزبان فضل خالق خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر خصوصی ٹرانس میشن میں ڈاکٹر سردار علی نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کروناوائرس ایک نئی بیماری ہے، جس پرمیڈیکل ریسرچ ابتدائی مراحل میں ہے۔ اس کا علاج ابھی پوری طرح واضح نہیں۔ ایسے میں صرف اور صرف احتیاط ہی ہمیں اس بیماری سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔ اس بات کی زندہ مثال ہمارے سامنے چین کی ہے جنہوں نے علاج کے ساتھ احتیاطی تدابیر کے ذریعے محدود وقت میں وبا پر قابو حاصل پایا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وقت تیز ی سے گزرتا جارہا ہے۔ لہٰذا ہمیں اپنے بچوں اور ضعیف العمر افراد پر خصوصی توجہ رکھتے ہوئے باربار ہاتھوں کی صفائی کے ساتھ ہجوم والی جگہوں پر جانے سے اپنے آپ کو روکنا چاہئے۔
Swat
