سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات کے علاقہ کوکارئی میں کروناوائرس کی روک تھام اور عوام کو آگاہی دینے کے حوالے سے علاقہ کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لائحہ عمل تیارکرلیا۔ اس سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا جس میں تنظیم ”خواگہ کلی وال“ کے ممبران، صحت و تعلیم کے ماہرین، علما، سیاسی و سماجی شخصیات اورعلاقہ عمائدین نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے ایک مؤثر بیداری مہم شروع کی جائے، تاکہ عام لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے تیزی سے پھیلنے والی اس مہلک وبا کا مقابلہ کر سکیں۔ اجلاس میں قرار پایا کہ پہلے قدم پر گاؤں کی مساجد سے اعلانات کئے جائیں گے کہ لوگ گھروں تک محدود رہیں اور وبا سے بچنے کیلئے تمام ترضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ گھروں اور گلی کوچوں کی صفائی کی طرف بھرپور توجہ دیں۔ میل جول کی صورت میں ایک دوسرے سے فاصلے رکھیں۔ شادی و غمی کی صورت میں غیر ضروری شرکت سے اجتناب کریں،معمر افراد کا بھرپور خیال رکھا جائے اور اس صورتحال کی وجہ سے بیکار ہونے والے دہاڑی دارمزدورں، غریبوں اور ہمسایوں کی مالی مدد کی جائے۔ شرکا نے کہاکہ کسی بھی مشکل صورتحال میں گاؤں کے سماجی کارکن مؤثر خدمات کی فراہمی کیلئے کوشاں رہیں گے۔
Swat
