سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) تحصیل مٹہ کے علاقہ چپریال میں کورونا وائرس کے ایک مشتبہ شخص کو مٹہ ہسپتال کے قرنطینہ میں منتقل کردیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سوات کے ترجمان ڈاکٹر رحمت کے مطابق یہ شخص کچھ دن قبل سعودی عرب سے آیا تھا۔ مشتبہ مریض کو ہسپتال لے جانے کے بعد ان کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اس وقت تک انتظامیہ نے اس علاقہ جہاں یہ مشتبہ شخص رہائش پذیر تھا، کو سیل کردیا گیا ہے، جہاں نقل و حرکت پر پابندی لگادی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ابھی تک سوات میں بارہ مشتبہ افراد کو قر نطینہ منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے پانچ افراد کے ٹیسٹ میں کورونا کا وائرس نہیں پایا گیا جن کو ہسپتال سے فارغ کیا گیا ہے۔ باقی مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کے رزلٹ کا انتظار ہے۔ سیدو شریف تدریسی ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر نجیب اللہ کے مطابق ان کے ساتھ دو ہی مریض ہیں۔ ان کے ٹیسٹ کے رزلٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔
