سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) تنظیم خواگہ کلی وال کوکارئی نے اپنے علاقے کے سو سے زیادہ مستحق افراد میں فوڈ پیکیج تقسیم کرنے کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا۔ پیکیج میں دس دنوں کے لئے آٹا، گھی، چینی، دال اور چاول جیسے خوردنی اجناس شامل تھے۔ یہ خصوصی امداد علاقے کے مکینوں کے مخلصانہ مالی تعاون سے مستحقین تک پہنچانا ممکن ہوا۔ قبل ازیں تنظیم کی ایک خصوصی کمیٹی نے علاقے میں سروے کے ذریعے مستحقین کا انتخاب کیا،جن میں دہاڑی دار افراد کے علاوہ، ایسے یتیم افراد اور بیوہ خواتین بھی شامل تھیں، جو موجودہ حالات میں روزگار سے محروم ہوکر اپنی روزی روٹی کمانے سے قاصر تھیں۔ تنظیم کے ایک اور سروے کے مطابق ان حالات کی وجہ سے وادئی کوکارئی میں لگ بھگ تین سومتوسط گھرانوں کا بھی چولہا بجھ گیا ہے۔ وہ صرف دکانداروں اور رشتہ داروں کے قرضوں کے رحم وکرم پرجی رہے ہیں۔ تنظیم نے ڈپٹی کمشنر سوات سے اپیل کی ہے کہ اس وادی کے مستحق افراد کی فوری طور پر مناسب مدد کریں۔
Swat
