سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) پختون قوم پرست، ادیب اور دس کتابوں کے مصنف شیر افضل خان بریکوٹی 94 سال کی عمر میں لندن میں انتقال کرگئے۔ وہ 1925ء میں سوات کے علاقہ بریکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ریاستِ سوات کے دور میں ریاست مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے وہ کراچی منتقل ہوئے۔ وہاں سے برطانیہ چلے گئے، وہاں بھی انہوں نے پختونوں کے لئے آواز اٹھائی۔ شیر افضل خان بریکوٹی اردو اور پشتو میں شائع ہونے والی دس کتابوں کے مصنف تھے۔انہیں لندن جیسے مصروف ترین شہر میں خان عبدالغفار خان، سید ابوالاعلیٰ مودودی، خان عبدالقیوم خان اور خان عبدالولی خان وغیرہ جیسی نامی گرامی شخصیات کی میزبانی کا شرف حاصل رہا۔ ان کی کتاب ”د پختو شعر و ادب تاریخ“پشاور یونیورسٹی کے شعبہ پشتو میں ایم اے کی نصاب میں شامل ہے۔فلائٹ آپریشن بند ہونے کی وجہ سے ان کو لندن میں سپرد خاک کیا گیا۔ فاتحہ خوانی باب الاسلام غاغے بریکوٹ میں ہو رہی ہے۔
