سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں پولیس نے ”الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے“ کے مصداق اپنے پیٹی بند کوسزا دے دی۔ چیئرمین ڈیڈک کے بھتیجے اور اس کے ساتھی نے جس پولیس اہلکار کو مارا تھا، پولیس نے اس سپاہی کومعطل کرکے کواٹر گارڈ (پولیس کی جیل) میں بند کردیا۔ ہفتہ کو لاک ڈاؤن کے دوران ایم پی اے کے بھتیجے عبدالعزیز المعروف گران باچا اور ساتھی وقاص نے پولیس کے مطابق ایک پولیس اہلکار لائق زادہ پر تشدد کیا تھا۔ اس کی سرکاری وردی بھی پھاڑ دی تھی، جس کے بعد پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف دفعہ 506, 500, 186, 189, 188, 353 کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گذشتہ رات گھر بھیج دیا جن کو ابھی تک عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ہے۔ ڈی پی او نے متاثرہ سپاہی کو معطل کرکے کواٹر گارڈ میں بند کردیا۔ اس سلسلے میں ڈی پی او سوات قاسم علی خان سے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے کہا کہ گذشتہ رات ان کو تھانہ مینگورہ سے غلط اطلاع دی گئی تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ثابت ہوا ہے کہ پولیس نے ایم پی اے کے بھتیجے اور ساتھی پر تشدد کیا تھا جس کی وجہ سے میں نے پولیس اہلکار کو کواٹر گارڈ بھیج دیا ہے اور دونوں ملزمان کی ایف آئی آر سے تمام دفعات حذف کرکے صرف دفعہ144 لگائی جائے گی۔
