سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) ایک لاکھ سے زائد آبادی اور پانچ یونین کونسلوں پر مشتمل وادئی کوکارئی کی بچیاں اس جدید دور میں بھی گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سے محروم ہیں۔ وادی کی سماجی تنظیم ”خپل کلی وال“ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بیس کلومیٹر حدود اربعہ، ایک لاکھ آبادی اور پانچ یونین کونسلوں میں پھیلی درجن بھر بستیوں پر مشتمل کوکارئی درہ میں طلبہ کے لئے صرف ایک ہائر سیکنڈری سکول موجود ہے۔ طالبات کے لئے ایسی کوئی سہولت نہیں۔ علاقہ جامبیل چنار، پرونہ اور سنگر میں مڈل پاس کرنے کے بعد اٹھانوے فیصد بچیاں تعلیم چھوڑ دیتی ہیں۔ کیوں کہ ان کو آگے تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر نہیں ہوتے۔تنظیم نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ لڑکیوں کے پرائمری اور مڈل سکولوں کی تعداد کم ازکم لڑکوں کی تعداد کے برابر کی جائے۔ تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر علاقے کے پچیس ہزار بچے،بچیوں کا مستقبل تابناک بنانے کے لئے وزیرِ تعلیم کے تعلیمی ایمرجنسی پروگرام کے تحت فوری طور پر اس سال کے بجٹ میں یہاں ایک ڈگری کالج فار بوائز اور ایک ہائر سیکنڈری سکول فار گرلز بنانے کے لئے رقم مختص کی جائے۔
Swat
