سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات کی وادیِ کالام میں پولیس اور مقامی افراد کے مابین تکرار اور پولیس اسٹیشن کے گھیراؤ پر سابق تحصیل ناظم حبیب اللہ ثاقب سمیت دیگر مشران کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے بعد مشران کے جرگہ نے ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن محمداعجاز خان سے ملاقات کی۔ جرگہ مشران میں کالام کے مقامی عمائدین کے علاوہ اے این پی کے سابق ایم پی اے سید جعفرشاہ،سابق صوبائی وزیر واجدعلی خان، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر عرفان علی چٹان اور جماعت اسلامی سوات کے امیر محمدامین نے موجود تھے۔ جرگہ مشران نے رمضان المبارک کے آخری دن کالام میں پولیس اور مقامی افراد کے مابین ہونے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن سے علاقہ عمائدین کے خلاف ایف آئی آر واپس لینے کی استدعا کی۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن نے جرگہ کو یقین دہانی کرائی کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، تاہم قانون سب کے لئے برابرہے۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ڈی پی او سوات قاسم علی خان کو ہدایت کی کہ جرگہ مشران سے ملاقات کرکے انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ جرگہ مشران آج منگل کے روز ڈی پی اوسوات قاسم علی خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کرے گا۔
