سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات یونیورسٹی کے اعلیٰ سطح اجلاس میں یونیورسٹی کے مین کیمپس چارباغ میں جاری تعمیراتی پراجیکٹس پرہونے والی پیش رفت کاجائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیاگیاہے کہ رواں سال اگست کے مہینہ میں ایڈمنسٹریشن (انتظامی دفاتر) کے ساتھ ساتھ بعض تدریسی شعبہ جات کوبھی چارباغ منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمحمدجمال خان کی زیرصدارت اجلاس جوکہ کیمپس ریڈیواسٹیشن کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، میں رجسٹراروڈائریکٹرپی اینڈڈی محبوب الرحمان اور متعلقہ افرادنے شرکت کی۔ اجلاس کوبتایاگیاکہ فیز-ون کے تحت 2.564بلین روپے کی مجموعی لاگت سے تعمیرہونے والے کل 13پیکجزمختلف کنٹریکٹرزکودیئے جاچکے ہیں۔جن میں آٹھ پیکجزکیلئے صوبائی محکمہ اعلیٰ تعلیم (ایچ ای ڈی)جبکہ باقی ماندہ پانچ پیکجزکیلئے ہائرایجوکیشن کمیشن فنڈزفراہم کررہاہے۔ اجلاس کوبتایاگیاکہ صوبائی محکمہ اعلیٰ تعلیم کی فنڈنگ سے تعمیرہونے والے پیکجزپر80فی صداور ایچ ای سی کی فنڈنگ سے تعمیراتی پیکجزپر40فی صدکام مکمل کیاجاچکاہے۔ اجلاس کے شرکا کوبتایاگیاکہ باؤنڈری وال، رابطہ اوراندرونی سڑکوں، مین گیٹ اورگرلزہاسٹل پرمشتمل تین پیکجز ”اے، سی اورای“مکمل کئے جاچکے ہیں۔مین لائبریری کوستمبر2020اوراکیڈیمک بلاک کودسمبر2020تک مکمل کیاجائے گا۔
