Swat

سوات، کورونا کی وجہ سے کیٹرنگ کا کار و بار بھی ٹھپ

سوات      (باخبر سوات ڈاٹ کام)    کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں مختلف کاروبار خراب ہوئے ہیں، ان میں خیبر پختون خواہ میں ”کیٹرنگ“ کا کام کرنے والے افراد بھی شدید متاثرہیں۔ 19 سال سے اس کاروبار سے وابستہ رحمت علی عاجز نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ کورونا کے بعد سے پورے صوبے میں ”کیٹرنگ“ کا کاروبار مکمل طور پر بند پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے پہلے وہ شادی بیاہ، منگنی کی تقاریب میں کام کرتے تھے، لیکن اس وائرس کے بعد لوگوں نے شادی بیاہ کی تقریبات ملتوی کی ہیں۔ جو لوگ اس دوران شادیاں کر رہے ہیں، ان میں لوگوں کو نہیں بلایا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے فوتگی کے تین دن میں لوگ دو وقت کے لئے مہمانوں کے کھانے کا انتظام کرتے تھے، لیکن آج کل فاتحہ خوانی کے لئے بہت کم لوگ جاتے ہیں۔ کورونا وائرس کے ڈر کی وجہ سے کھانا نہیں کھاتے۔ انہوں نے کہا کہ اس وائرس سے پہلے لوگ خیرات کرتے تھے، جس میں چاول اور سالن کی دیگیں ہم پکاتے تھے لیکن اس بیماری کے بعد نہ تو لوگ خیرات کرتے ہیں اور نہ خیرات کا کھانا کھانے جاتے ہی ہیں۔ ان کے مطابق ان سے لوگ تقریبات کے لئے کرسیاں اور قنات لے کر جاتے تھے، مگر اب وہ بھی نہیں لے کر جارہے ہیں۔ رحمت علی عاجز کا کہنا ہے کہ ہر کیٹرنگ کا کاروبار کرنے والے کے ساتھ مستقل پندرہ سے بیس افراد کام کرتے تھے اور شادی بیاہ یا دیگر تقریبات میں روزانہ اجرت پر ویٹر کام کرتے تھے مگر اب سب فارغ ہوچکے ہیں۔ باورچی سے لے کر ویٹر تک تمام افراد بے روزگار ہوئے ہیں، اور کیٹرنگ والے اب دکانوں اور باورچی خانوں کا کرایہ اور بجلی بل دینے کے قابل نہیں رہے، جس کی وجہ سے پورے صوبے میں کیٹرنگ کا کام کرنے والے اب جیب سے دکانوں کا کرایہ دینے پر مجبور ہیں۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔