سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) پاکستان کے لئے بڑا اعزاز، امریکہ میں دنیا کے ٹیکسٹ بک کے سب سے بڑے”پبلشرسپرنگر“ (Springer) نے سوات یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر کی کتاب (Ethnobotany of the Himalayas) ”ماحول درخت اور انسان کا تعلق“ کو دنیا بھر میں تعلیمی اداروں میں بطورِ ٹیکسٹ بک اور ریفرنس بک شامل کرلیا۔ سپرنگر پبلشر کے مطابق کتاب کی کاپیاں 27 اگست سے دنیا بھر میں موجود ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ آن لائن فروخت کے لئے بھی موجود ہوگی۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے اس کتاب میں ”ہندوکش ہمالیہ“ کے پہاڑوں میں رہنے والے لوگوں کے رہن سہن، ثقافت، پہاڑوں میں درختوں اور ماحول کا ایک دوسرے سے تعلق، اس سے ملکی خزانے کو آمدن اور وہاں رہنے والے لوگوں کی خوشحالی پر تفصیلی تحقیق کی ہے۔ ڈاکٹر حسن شیر کا تعلق سوات سے ہے۔ انہوں نے 1995ء میں اس مضمون میں ماسٹر، پھر ایم فل اور2005ء میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ وہ سوات یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر بھی رہے۔ اس وقت وہ سوات یونیورسٹی میں ڈین آف فیکلٹی آف لائف سائنس ہیں۔ باخبر سوات ڈاٹ کام کے رابطہ پر انہوں نے یہ اعزاز پاکستان کے نام کیا اور ملک بھر کے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کو جاری رکھ کر اپنے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
