(باخبر سوات ڈاٹ کام) آل پاکستان پنشنرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے صدر حاجی فضل معبود نے کہا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے چارٹر آف ڈیمانڈ حکومت کو پیش کردیاہے۔ موجودہ مہنگائی کے تناسب سے پنشن میں کم از کم سو فیصد اضافہ کرکے محرومیوں کاازالہ کیا جائے۔ میڈیکل الاؤنس کے سیلنگ کو ختم کرکے الاؤنس موجودہ پنشن پر بیس فیصد کے حساب سے منظور کیا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول حاجی بابا میں ایسوسی ایشن کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد حسن، پروفیسر میاں نورنواب، محمد حنیف خان، حاجی امین الحق اور دیگر پنشنرز رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ حاجی فضل معبود نے کہا کہ اولڈ ایج بینیفٹ کے میعاد کو 85 سال سے گھٹاکر 75 سال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنشنرز کے بچوں کو قابلیت کے مطابق سرکاری ملازمتوں میں 30 فیصد کوٹا مقرر کیا جائے۔صحت کارڈ میں شوگر، بلڈپریشر،امراض قلب، ذہنی امراض اور سینے کی بیماری میں مبتلا مریضوں کے آوٹ ڈورعلاج کوبھی شامل کیا جائے۔
