Swat

مرغزار، گھریلو ناچاقی کی بنا پر ایک شخص کے ہاتھوں چار افراد قتل

(باخبر سوات ڈاٹ کام) تھانہ سیدو شریف کی حدود میں مرغزار کے علاقہ سرباب کنڈو میں ایک شخص نے سسرال جاکر فائرنگ کرکے اپنی اہلیہ، ساس، سالی اور سالے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم سیف اللہ ولد شکور ساکن ڈگر بونیر نے ساتھی ملزمان ناظم ولد جے پور ساکن کوکڑئی سیدو شریف اور شکور ولد شیرین ساکن ڈگر بونیر کے ساتھ مل کر سسرال کے گھر داخل ہوگیا اور وہاں فائرنگ کرکے اپنی اہلیہ زینب، ساس سلطانہ، سالی عائشہ اورکم سن سالے زبیر پر فائرنگ کی، جس سے چاروں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی بیوی ناراض ہوکر میکے بیٹھی تھی جس کا ملزم کو رنج تھا۔ سوات پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق 2مشتبہ ملزمان شکور ولد شیرین ساکن ضلع بونیر اورناظم ولد جے پور ساکن کوکڑئی سیدو شریف کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار ے جارہے ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات شفیع اللہ گنڈ اپور پورے آپریشن کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں۔ مقتولین کے رشتہ دار رحمت علی نے احتجاج میں باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ مقتولہ زینب کی شادی سیف اللہ کے ساتھ ہوئی تھی، جو ہر وقت اس کے ساتھ مار پیٹ کرتا تھا جس کی وجہ سے اُس نے میکے آکر عدالت میں خلع کے لیے مقدمہ دائر کیاتھا جس کا فیصلہ گذشتہ روز مقتولہ کے حق میں ہوا۔مرغزار میں ایک ہی گھر کے چار افراد کے قتل کے خلاف اہلِ علاقہ نے لاشیں ڈی سی اور ڈی پی اُو کے دفاتر کے سامنے سیدو شریف مینگورہ روڈ پر رکھ کر روڈ بلاک کیا اور مرکزی ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ لاشوں کے پوسٹ مارٹم کے بعد نمازِ ظہر کے وقت سے لوگوں نے چاروں مقتولین کی لاشیں کچہری چوک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ مظاہرین سے اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد محمود خالد اور دیگر نے واقعے کی شدید مذمت کی اور فوری مرکزی ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے انتظامیہ سے مذاکرات کے بعدعصر کی اذان کے ساتھ احتجاج ختم کیا۔ احتجاج اور روڈ بندش کی وجہ سے شہر بھر میں ٹریفک جام رہی۔سانحہئ مرغزار میں کم سن مقتول نے برتن کا ڈھکن سامنے پکڑ کر گولیوں سے بچنے کی کوشش کی۔ ملزم نے جب تین خواتین کو قتل کیا اور کم سن زبیر کی جانب بڑھا، تو زبیر نے ایک برتن کا ڈھکن سامنے پکڑ کر گولیوں سے بچنے کی کوشش کی، لیکن ظالم ملزم سیف اللہ نے اس کو بھی گولیاں مار کر قتل کردیا۔ برتن کا ڈھکن گولیوں سے چھلنی پڑا تھا۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔