(باخبر سوات ڈاٹ کام)بحرین بازار کے ساتھ درال خوڑ میں سیلابی ریلے میں پانی کی سطح مزید بلند ہوگئی۔ بحرین اورکالام کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہے۔ کالام میں اس وقت مٹر اور مختلف سبزیاں مارکیٹ لے جانے کے لئے تیار ہیں، مگر سڑک کی بندش کی وجہ سے وہ سبزیاں خراب ہورہی ہیں۔ کالام کے مختلف علاقوں کے لوگ موسمِ سرما میں ملک کے گرم حصوں میں نقل مکانی کرتے ہیں اور عید سے پہلے واپس اپنے گھروں کو آتے ہیں۔ ایسے خاندانوں کے درجنوں ٹرک جس میں ان کا سامان اور اہلِ خانہ ہیں، وہ بحرین بازار میں موجود ہیں۔ مقامی لوگوں نے مشرق کو بتایا کہ بحرین سے آگے دو لاکھ سے زیادہ آبادی ہے جو اس وقت برے حال میں ہے۔ وہاں سے کوئی مریض لاسکتا ہے اور نہ خوراک پہنچائی جاسکتی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق نہ تو این ایچ اے کے حکام بحرین آئے ہیں اور نہ انتظامیہ کے لوگ۔ بحرین بازار میں اہلِ علاقہ نے این ایچ اے اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور ان کے خلاف نعرے لگائے۔
