(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات اولسی پاسون کی جانب سے کانجو چوک میں بہت بڑا امن مارچ ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس امن مارچ کا انعقاد صوبے کے مختلف علاقوں میں بدامنی اور پولیس لائن سوات میں دھماکے کے خلاف کیا گیا تھا۔ امن مارچ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سنیٹر مشتاق احمد خان، پی ٹی ایم کے منظور پشتین، ایم این اے علی وزیر، اے این پی کے ایوب خان اشاڑے، سوات قومی جرگہ کے شیرشاہ خان، پختون خواہ میپ کے طالع مند خان، پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر امجد علی، پی ٹی آئی کے تحصیل چیئرمین سعید خان اور دیگر نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے بیشتر علاقوں میں دہشت گردی ہورہی ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ پاڑہ چنار میں بے گناہ اساتذہ کو شہید کیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ منظم طریقے سے پختون علاقوں میں دہشت گردی کی جارہی ہے اور بے گناہ پختونوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ پختونوں کو معاشی لحاظ سے بھی کم زور بنایا جارہا ہے، لیکن اب پختونوں نے بھی عہد کیا ہے کہ وہ ہر قسم کی دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف نکلیں گے اور اپنی سرزمین پر خود امن قائم کریں گے۔ امن مارچ میں امن کے قیام، دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی گئی۔
