(باخبر سوات ڈاٹ کام) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خود کش دہشت گرد حملے کی پوری قوم نے مذمت کی ہے۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ دھماکے کرکے قیادت یا کارکنان پر دہشت گردی سے خوف طاری ہوگا، تو یہ صرف ان کی سوچ ہے۔ جماعت اسلامی کوعوام کے مسائل پر آواز اٹھانے سے کوئی روک نہیں سکتا۔ جماعت اسلامی کی بابرکت اسلامی تحریک کی جد و جہد پر ہر دور میں پابندی لگانے کی کوشش کی گئی۔ ژوب کا سانحہ ہماری تحریک کو اور تیز کردے گا۔ سوات میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر پورا سوات غمزدہ اور بے چین ہے۔ سوات موٹر وے پر موٹر وے متاثرین اور اہلِ سوات کے تحفظات دور کئے جائیں۔ موٹر وے ایک انتہائی اہم اور اچھا منصوبہ ہے، اسلئے اسے زرعی زمینوں کے بجائے دریا کے کنارے گزارا جائے۔ جماعت اسلامی پورے ملک میں انتخابی نشان ترازو کے ساتھ اسلامی جمہوری فلاحی منشور کی بنیاد پر حصہ لے گی۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیاسی انتخابی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے المرکزالاسلامی سنگوٹہ میں تربیتی اجتما ع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
Swat
