(باخبر سوات ڈاٹ کام)بحرین کے قریب ہریانہ میں چیئر لفٹ گرنے سے ماں اور کمسن بیٹی دریائے سوات میں گر کر جاں بحق ہوگئیں، دو افراد معجزانہ طور پر بچ گئے۔مسماۃ رشیدہ بی بی زوجہ بہادر کچھ دنوں کے لئے میکے آئی تھی۔ ہفتہ کے روز واپس گھر جارہی تھی کہ اس کے ساتھ اس کے والد عبدالمتین اور والدہ بھی بیٹی کو شوہر کے گھر چوڑنے کے لئے جارہے تھے۔ دریائے سوات کے اوپر چیئر لفٹ میں جب بیٹھے، تو درمیان میں چیئر لفٹ اُلٹنے سے مسماۃ رشیدہ بی بی اور اس کی گود میں موجود ایک سال کی بیٹی دریائے سوات میں گرگئیں۔ ان کے والد اور والدہ نے رسی پکڑ کر اپنی جان بچائی۔ مقامی لوگوں اور ریسکیو اہلکاروں نے ماں بیٹی کی لاشوں کی تلاش شروع کردی، تاہم آخری اطلاعات کے مطابق لاشیں نہ مل سکیں۔ مقامی لوگوں نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ2010ء کے سیلاب میں دریائے سوات کے اوپر پل پانی میں بہہ گئے تھے جس کے بعد مقامی لوگوں نے دریا پار کرنے کے لئے مقامی طور پر تیار کردہ یہ چیئر لفٹ لگائے تھے۔ اس سے پہلے بھی اس قسم کے حادثات میں کئی افراد دریائے سوات میں گر کر جاں بحق ہوچکے ہیں۔
Swat
