(باخبر سوات ڈاٹ کام) ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے آج بروز پیر بحرین بازار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی ٹریفک وارڈن سوات بادشاہ حضرت خان، ایس ڈی پی او سرکل مدین حبیب اللہ خان اور علاقائی معززین، یونین ٹریڈ فیڈریشن اور ہوٹل ایسوسی ایشن، ڈی آر سی ممبران، علاقائی عمائدین اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے تھانہ بحرین میں منعقد کھلی کچہری سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ضلع سوات قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔ یہاں کے لوگوں کا ذریعہ معاش کا زیادہ تر حصہ ٹورازم پر منحصر ہے۔ آپ لوگوں کے اخلاق اور مہمان نوازی کی وجہ سے پورے پاکستان بلکہ بیرون ملک سے بھی سیاحوں کی بڑی تعداد وادیِ بحرین کا رُخ کرتی ہیں اور عید کی چھٹیوں میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے ٹریفک جام ہوتی ہے، جس سے نمٹنے کے لئے ٹریفک کی روانی کو منظم اور ٹریفک کی وجہ سے پیش آنے والے مسائل کو حل کر نے کے لئے ٹریفک پولیس کی نفری کی تعداد بڑھا کر ان کے ساتھ ساتھ ٹورسٹ پولیس بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
