Swat

مینگورہ،جماعت اسلامی کے سید اظہار اللہ کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ

(باخبر سوات ڈاٹ کام)مینگورہ سوات میں عید کے تیسرے روز مٹہ کے عوامی و سیاسی رہنما سید اظہار اللہ کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں جماعت اسلامی، سوات اولسی پاسون اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے اپنے خطاب میں سنیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ اس ملک میں ظلم کا نظام ہے۔ یہاں پولیس گردی ہے۔ لاقانونیت ہے، جس کی وجہ سے عام شہری پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوات پولیس نے سوات کے امن پسند رہنما کو عید کی رات گرفتار کرکے اس کے خلاف دہشت گردی کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا، حالانکہ اظہار اللہ نے گوالیرئی جلسہ میں امن کے حق میں اور مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف بات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس ملک میں امن کے لئے بات کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج ہوں گے، تو پھر اس ملک کا خدا ہی حافظ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اظہار اللہ سمیت تمام سیاسی کارکنوں کے خلاف مقدمات ختم کرکے ان کو رہا کیا جائے۔ احتجاجی مظاہرے سے حمید الحق، آفتاب خان، اختر علی خان، مجاہد فاروق ایڈووکیٹ، ثناء اللہ، نوید اقبال، ڈاکٹر خالد فاروق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں