(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں حالیہ بارشوں سے پیاز کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ کسانوں کو اس سال کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ غالیگے کے رہنے والے کسان حاجی نواب نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ پچھلے سال پیاز کی بہت اچھی فصل ہوئی تھی اور کسانوں کو کافی فائدہ ہوا تھا، لیکن اس سال زیادہ بارشوں کی وجہ سے پیاز کی فصل کو ”تورکے“ نامی مرض لاحق ہوگیا، جس سے زیادہ تر پیاز خراب ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ مرض کی وجہ سے بعض پیاز باہر سے خراب ہوگئی اور بعض اندر سے خرا ب ہے جس کی وجہ سے ملک کی منڈیوں میں سوات کی پیاز کی قیمت بہت کم ہے۔ کسانوں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوررہا ہے جس کی وجہ سے وہ کافی پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیاز کی فصل 6 ماہ میں تیار ہوتی ہے۔ اس دوران اس پر کافی محنت کی جاتی ہے اور خرچہ بھی بہت آتا ہے۔سوات میں زیادہ تر کسان اجارہ کی زمین پر کاشت کرتے ہیں۔ فصل فروخت کرنے کے بعد زمین کے مالک کو رقم ادا کرتے ہیں۔ ایک کسان شاہی نواب نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ اس سال فصل خراب ہونے کی وجہ سے ان کو 18 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ان کے پاس اجارہ کی رقم بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہمیں امید تھی کہ اچھی فصل ہونے کے بعد تمام قرضہ جات ختم کرکے بیٹے کی شادی کرائیں گے، لیکن اب اس حال میں ایسا ممکن نہیں۔ محکمہ زراعت سوات کے اعداد وشمار کے مطابق سوات میں ٹماٹر کے بعد سب سے زیادہ فصل پیاز کی ہوتی ہے۔ سوات میں 4450 ایکڑ زمین پر پیاز کی 1 کروڑ 16 لاکھ گلو گرام فصل ہوتی ہے۔ اگراس کی فی کلو قیمت لگائی جائے، تو اس سے سالانہ کسانوں کو 11 ارب 60 کروڑ روپے کی آمدن ہوتی ہے، لیکن کسانوں کا کہنا ہے کہ اس سال مرض کی وجہ سے ان کو فائدے کی جگہ نقصان ہوا ہے۔
Swat
