(باخبر سوات ڈاٹ کام)مینگورہ شہر میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ جنگلات، ڈسٹرکٹ پولیس آفس کے قریب ہاکی اسٹیڈیم کے سامنے مینگورہ کے بڑے نالے میں نامعلوم افراد نے سیکڑوں کی تعداد میں تناور درخت راتوں رات کاٹ دیئے۔ ان درختوں کو نالے کے دونوں کناروں چند سال قبل سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد اور واسا سوات نے لگایا تھا، تاکہ شہر میں درجہئ حرارت میں کمی آسکے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گذشتہ رات نامعلوم افراد نے آکر ایکسکویٹر کے ذریعے سیکڑوں کی تعداد میں درخت کاٹ دیئے اور دن کی روشنی میں ان درختوں کو گاڑیوں میں ڈال کر لے گئے۔ اس سلسلے میں رابطہ پر ڈویژنل فارسٹ آفیسر سوات شاہ حسین نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ درختوں کے کاٹنے کے بارے میں ان کو کچھ علم نہیں۔ شائد ان درختوں کو محکمہ ایری گیشن والوں نے کاٹا ہوگا۔ اس سلسلے میں محکمہ ایری گیشن سے باخبر سوات ڈاٹ کام نے رابطہ کی کوشش کی، لیکن ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔ عوامی حلقوں نے شہر کے وسط میں سیکڑوں درختوں کے کاٹنے کی شدید مذمت کی ہے اور درختوں کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
Swat
