(باخبر سوات ڈاٹ کام)ملم جبہ مین روڈ پر واقع پولیس چوکی تلیگرام پر رات کو دہشت گردوں نے دو اطراف سے حملہ کیا، جس میں پولیس کے مطابق ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کیا اور کئی گھنٹوں تک پولیس چوکی پر فائر نگ کی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جمیل اللہ زخمی ہوگیا۔ فائرنگ رُکنے کے بعد پولیس نے زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لئے سیدو شریف ٹراما سینٹر منتقل کردیا۔ کالعدم تحریکِ طالبان کے ترجمان محمد خراسانی نے اپنے ایک بیان میں حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ میں پولیس کا زیادہ جانی نقصان ہوا ہے، جس کے بعد حملہ آور بحفاظت اپنے ٹھکانے پر پہنچ گئے ہیں۔ ریجنل پولیس آفیسر محمد علی گنڈا پور نے ہسپتال میں زخمی پولیس اہلکار کی عیادت کی اور بعد میں پولیس چوکی تلیگرام کا دورہ کیا۔ یاد رہے کہ سوات کے پولیس تھانوں میں پولیس نفری کی کمی ہے۔ ڈی پی او نے سیکڑوں پولیس اہلکاروں کو سیاسی افراد اور دوست احباب کو ذاتی سیکورٹی کے لئے دئے ہیں جس کی وجہ سے ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کی کمی پیدا ہوئی ہے۔
Swat
