Swat

بنڑ چوک،عدالت جانے والی خاتون شوہر کے ہاتھوں فائرنگ سے قتل

(باخبر سوات ڈاٹ کام)مینگورہ شہر کے وسط میں مصروف ترین بنڑ چوک میں دلخراش واقعے میں کم سن بیٹے کے ساتھ پیشی کے لئے عدالت جانے والی خاتون کو شوہر نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔ برقع پوش مقتولہ کی نعش کے ساتھ بیٹھے کمسن بچے کی چیخیں مار مار کر رونے والی ویڈیو اور تصاویر نے لوگوں کو رلا دیا۔ مسماۃ نائلہ جس نے شوہر سے خلع کے لئے عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا، منگل کو اپنے کمسن بیٹے کے ساتھ پیدل عدالت جارہی تھی کہ بنڑ چوک میں پہلے سے موجود اس کے شوہر اختر علی نے اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ پھر پستول سمیت پولیس تھانہ پہنچ کر گرفتاری دے دی۔ پولیس کے مطابق گھریلو ناچاقی کی وجہ سے مقتولہ نے اپنے خاوند سے خلع کے لئے عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ فائرنگ کے بعد قتل شدہ خاتون زمین پر پڑی اور ان کا کمسن بیٹا اس کی لاش سے لپٹ کر دھاڑیں مارتا ہوا رو رہا تھا۔ ایک گھنٹے بعد پولیس نے پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں