(باخبر سوات ڈاٹ کام)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب رضا اسلم کی زیرِ صدارت بجلی چوری اور کنڈا کلچر کے خاتمے اور بجلی بل نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی بارے اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ریجن محمد علی خان، ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان، سپرنٹنڈنگ انجینئر پیسکو سوات سرکل نے شرکت کی، جبکہ باقی اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ ایس ای پیسکو نے اجلاس کو اب تک کی بقایا جات اور جرمانوں کی وصولی، ایف آئی آر اور گرفتاریوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ کنڈا کلچر کے خاتمے اور بجلی چوری کی روک تھام اور بجلی بل نادہندگان سے بقایات جات کی وصولی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو متعلقہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسروں کے ساتھ مل کر گھریلو اور کمرشل صارفین کے ذمے بقایاجات کی وصولی کے لیے پیسکو حکام کے ساتھ مل بیٹھ کر معاملہ حل کرنے کیلئے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت جاری کی۔
Swat
