Swat

ڈی پی اُو سوات نے عدالتوں کے اختیارات چیلنج کردئیے، خصوصی رپورٹ

(باخبر سوات ڈاٹ کام) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات شفیع اللہ گنڈا پور نے عدالتوں کے اختیارات کو چیلنج کرتے ہوئے اپنے قوانین نافذ کر دئے اور حکم دیا کہ جو لوگ منشیات کے مقدمات میں گرفتار ملزمان کی ضمانت کریں گے، تو عدالتوں سے ضمانت ملنے کے بعد منشیات فروشوں کی ضمانت کرنے والے افراد کے خلاف پولیس کریک ڈاون کریگی۔ ایسے ضامنوں کی لسٹیں تیار کرلی گئی ہیں۔ قانوان دانوں اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے اداروں نے اس حکم کو عدالتوں کا دائرہ کار چیلنج کرنا قرار دیا ہے۔ ڈی پی اُو دفتر سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا ہے کہ منشیات کے ناسور دھندے میں ملوث ملزمان، موت کے سوداگروں کے ضامنوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور ضامنوں کا ڈیٹا اکھٹا کیا جاچکا ہے۔ عدالتوں سے ضمانت مل جانے کے بعد جو لوگ ان ملزموں کی ضمانت کرتے ہیں، ان کے خلاف جلد کریک ڈاون کیا جائیگا۔ ڈی پی اُو کے اس بیان پر لوگوں کا سخت ردِ عمل آیا ہے۔ اس سلسلے میں رابطہ پر جہانزیب نفیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس بیان کا مقصد عدالتوں کے فیصلوں کو مشکوک بنانا ہے۔ تمام عدالتیں چاہے منشیات ہو یا دیگر جرائم اُن میں فیصلہ میرٹ پر کرتی ہیں۔ اگر کوئی عدالت منشیات کے کسی ملزم کو ضمانت دیتی ہے، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ملزم پر جرم ثابت نہیں ہوا اور ملزم کی ضمانت کے بعد ضامنوں کے لئے بھی عدالتوں نے ایک طریقہ کار مقرر کیا ہے، جس کے مطابق صرف وہی افراد ضمانت کر سکتے ہیں۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے سینئر ممبر زگر شیر ایڈوکیٹ نے مشرق کو بتایا کہ ڈی پی اُو نے اس بیان کے بعد ملک کی عدلیہ کو چیلنج کیا ہے۔ عدالتوں میں ضمانت اور ضامنوں کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے۔ ڈی پی اُو نے یہ بیان کس اتھارٹی کے تحت دیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ڈی پی اُو سوات نے یہ بیان دے کر توہین عدالت کی ہے۔ اس کے خلاف توہینِ عدالت، اختیارات کا ناجائز استعمال اور محکمانہ کارروائی ہونی چاہئے کہ انہوں نے اپنے قوانین کیسے نافذ کئے ہیں۔ زگر شیر ایڈوکیٹ نے ایسے تمام ضامنوں کو آگاہ کیا کہ اگر پولیس نے ان کے خلاف کوئی کارروائی کی، تو ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان سے قانونی مدد کے لئے رابطہ کریں۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔