(باخبر سوات ڈاٹ کام)نگران وزیر اعلیٰ کے دورہئ سوات کے دوران بریکوٹ سے سیدو شریف تک تمام سرکاری سکولوں میں ہزاروں طلبہ کو چھٹی کے وقت کے بعدبھی کئی گھنٹوں تک سکولوں میں بند رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ہفتہ کے روز نگران وزیر اعلیٰ نے دوپہر کے بعد سوات کا دورہ کرنا تھا، لیکن سرکاری سکولوں میں چھٹی کے وقت انتظامیہ نے سکول کے پرنسپلوں اور ہیڈ ماسٹروں کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ کے کمشنر آفس جانے تک کسی سکول سے بچوں کو جانے نہ دیا جائے۔ گروپوں میں آڈیو میسج میں انتظامیہ کی جانب سے حکم دیا جاتا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ کسی سکول کا اچانک معائنہ کریں۔ اس طرح بریکوٹ سے سیدو شریف تک تمام سرکاری سکولوں میں طلبہ کو سہ پہر تین بج کر تیس منٹ تک بھوکا رکھا گیا۔ طلبہ کے والدین نے اپیل کی ہے کہ وی وی آئی پی دوروں کے دوران طلبہ کے ساتھ ایسا ظلم نہ کیا جائے۔
